مکتبہ حافظ احمد یار سے قرآن حکیم کے چند نسخے

ڈاکٹر نضرۃ النعیم

ْْْْْْْْْْْْْْقرآن پاک میں حضرت ابراہیم ؑ کی دعا یوں بیان کی گئی ہے۔

وَلَا تُخْزِنِيْ يَوْمَ يُبْعَثُوْنَ ۔ۙيَوْمَ لَا يَنْفَعُ مَالٌ وَّلَا بَنُوْنَ ۔ۙاِلَّا مَنْ اَتَى اللّٰهَ بِقَلْبٍ سَلِيْمٍ ۭ الشعراء (۲۶: ۸۷۔۸۹)
یعنی قلب سلیم اللہ کی ایسی نعمت ہے کہ جسے عطا کیا گیا وہی یقینا دنیا و آخرت میں کامیاب لوگوں میں شامل ہو سکتا ہے۔ یہی وہ قلب سلیم ہے جو اللہ تعالیٰ نے پروفیسر حافظ احمد یار صاحب کو عطا فرمایا اور آپ نے ۲۳ سال کی عمر میں قرآن کریم حفظ کرنے کا اعزاز حاصل کیا چونکہ قرآن کریم خود اپنے ذوق و محبت سے حفظ کیا تھا اس لئے آپ کے دل میں ہر آے والے دن میں قرآن سے محبت بڑھتی چلی گئی یہاں تک کہ خادم قرآن ہو نا آپ کے نزدیک بلند ترین مقام پر ٹھہرا۔ آپ نے قرآن کو پڑھا، سمجھا دوسروں کو پڑھایا اور دنیا کے مختلف ممالک میں رائج قرآن پاک کی مختلف نسخے جمع کرنے شروع کئے قرآن کریم کے مختلف رسم الخط میں آپ کی دلچسپی اتنی بڑھی کہ آپ نے مجلس اسلامیات اسلامیہ کالج (سول لائنز) لاہور کے زیر اہتمام ۱۶ شوال المکرم ۱۳۸۳ھ بمطابق یکم مارچ ۱۹۶۴ء کو اسلامی خطاطی کی نمائش کا اہتمام کیا ۔

اسلامی خطاطی کی کامیاب نمائش کے بعدآپ نے ۱۹۶۶ء میں قرآن کریم کے مختلف نادر اور قدیم نسخوں کی نمائش کا اہتمام بھی لاہور میں کیا، اس نمائش کے بعد آپ نے دنیا بھر میں مختلف تراجم اورخصوصیات کے حامل قرآن مجید جمع کرنے شروع کئے اور آپ کا یہ شوق ساری عمر جاری رہا۔ آپ کے دوست بھی آپ کو قرآن مجید تحفہ دینا بہت پسند کرتے تھے اس طرح آپ کے پاس دنیا بھر سے مختلف قرآن پاک موجود تھعے جن کے رسم اور ضبط میں بہت تنوع پایا جاتا ہے۔ یہاں ہم آپ کے پاس موجود قرآنی نسخوں میں چند کا ذکر کریں گے۔

اردو تراجم والے قرآن کریم

٭ قرآن کریم کا قدیم نسخہ جس کا ضبط ورسم بر صغیر پاک و ہند میں رائج ضبط و رسم کے مطابق ہے اس کے کاتب مرزا محمد علی ہیں یہ ۱۲۸۹ھ میں شائع ہوا اور اس کی تصیح مولوی نور محمدؒ اور مولوی محمودؒ نے کی ہے۔

ْ٭ قرآن پاک کا ایک نادر و قدیم نسخہ جس کا اردو ترجمہ و تفسیر مولوی نذیر احمد ؒ صاحب نے کیا۔ یہ مطبعتہ انصاری دہلی سے ۱۳۱۴ھ میں شائع ہوا اس کے ناشر مولوی عبدلحمید صاحب ہیں۔

٭ تاج کمپنی کا شائع کردہ قرآن کریم کا نسخہ جس میں بیک وقت دس معروف و مشہور علماء کے اردو تراجم و تفاسیر شامل ہیں۔ اس میں ہر آیت کے نیچے دس لائینوں میں دس اردو ترجمے موجود ہیں۔

٭ تاج کمپنی نے مولانا اشرف علی تھانویؒ صاحب کا مختصر اردو ترجمہ و تفسیر کے ساتھ بیان القرآن کے نام سے شائع کیا اس قرآن پاک کی طباعت انتہائی خوبصورت رنگوں سے مزین کی گئی ہے۔

٭ دارالتصنیف کراچی کا مطبوعہ قرآن پاک جس کی کتابت منشی سید ممتاز علی صاحب المعروف مہاجر مکی نے کی

ہے۔ دارالتصنیف کراچی ہی کا مطبوعہ شیخ الھند مولانا محمود الحسن کے ترجمہ اور مولانا شبیر احمد عثمانی کی تفسیر پر مبنی قرآن مجید۔

٭ شمس العلماء مولوی حافظ نذیر احمد کے اردو ترجمہ و تفسیر پر مبنی قرآن پاک جو تاج کمپنی نے شائع کیا۔

٭ محمود اینڈ کمپنی بمبئی کا شائع شدہ حضر ت مولانا عبد الکریم پاریکھ کے اردو ترجمہ و تفسیر والا قرآن پاک۔

٭ مولانا رضا خان بریلوی کے اردو ترجمہ و تفسیر والا قرآن پاک جو تاج کمپنی نے شائع کیا۔

٭ مولانا فتح محمد خان جالندھری کا اردو ترجمہ و تفسیر والا قرآن پاک جو تاج کمپنی نے فتح الحمید کے

نام سے شائع کیا۔ یہ نسخہ اپنے خوبصورت رنگوں والے حاشیہ کی وجہ سے ممتا زہے۔

٭ تاج کمپنی کا شائع کردہ دو تراجم پر مبنی قرآن کریم، پہلا لفظی ترجمہ شاہ رفیع الدین محدث دہلوی کا ہے اس کی تفسیر موضح القرآن شاہ عبد القادر نے تحریر کی ہے۔ دوسرا بامحاورہ ترجمہ و تفسیر فتح محمد خان جالندھری کا ہے۔

٭ شاہ عبد القادر کے ترجمہ اور تفسیر پر مبنی رنگدار ، خوبصورت ایڈیشن بڑے سائز میں تاج کمپنی نے شائع کیا ہے۔

انگلش تراجم والے قرآن کریم

٭ ترکی سے طبع شدہ قرآن پاک کا نادر نمونہ جو مئی ۱۹۷۸ء میں شائع ہوا، اس کا انگلش ترجمہ و تفسیر ڈاکٹر محمد محسن خان اور ڈاکٹر تقی الدین الھلالی نے کیا ہے اس کا رسم و ضبط مشرق وسطیٰ میں رائج رسم و ضبط ہے۔

٭ قرآن پاک کا انگریزی ترجمہ عربی متن کے بغیر، یہ ترجمہ الحاج الحافظ غلام سرور کا ہے اور اسے نیشنل بُک فائونڈیشن نے ۱۹۷۳ء میں شائع کیا ہے۔ ٭ عبد اللہ یوسف علی کے انگریزی ترجمہ وتفسیر والا قرآن پاک جو اسلامک سینٹر واشنگٹن سے اپریل ۱۹۳۸ء میں شائع ہوا۔ ٭

The Message of Quran۔

محمد اسد صاحب کا انگریزی ترجمہ و تفسیر والا قرآن پاک جو دارالأندلس جبرالٹر سے ۱۹۸۰ء میں شائع ہوا۔

٭ قرآن پاک کا انگریزی ترجمہ عربی متن کے بغیر ، یہ ترجمہ لال محمد چاولہ کا ہے۔

٭ تر٭ تاج کمپنی کا اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں ترجمہ والا قرآن پاک ، انگریزی ترجمہ محمد مارمدیوک پکتھال جبکہ اردو ترجمہ مولانافتح محمد کا ہے۔

فارسی تراجم والے قرآن کریم

٭ قرآن کریم کا نادر ایرانی نسخہ جس کا ترجمہ و تفسیر دانشمند محترم مھدی الھی قمشہ ای نے کیا ہے اس کی پرنٹنگ انتہائی خوبصورت ہے یہ شعبان ۱۳۹۵ھ میں شائع ہوا، مصحف کا وزن تقریباً ۱۰ کلو گرام ہے اور اس کا سائز 11.5 x 17.5انچ ہے۔

٭ آقائی محمد کاظم نے معزی کے فارسی ترجمہ و تفسیر سے مزین قرآن پاک جو جمادی الأخری ۱۳۷۷ھ میں شائع ہوا۔

٭ حضرت شاہ ولی اللہ محدث دہلوی کے فارسی ترجمہ والا قرآن کریم جو تاج کمپنی نے شائع کیا۔ قرآن مجید جس کا رسم الخط نستعلیق ہے اس کی کتابت سید حسین میر خانی نے کی ہے اور یہ رجب ۱۳۸۵ھ میں شائع ہوا۔

٭ قرآن مجید کا نادر و قدیم نسخہ جو اردو اور فارسی تراجم سے مزین ہے اردو تفسیر عباسی اور فارسی تفسیر حسینی ہے یہ مطبعۃ أنوری أکبر آباد سے ۱۳۱۵ھ میں شائع ہوا۔

٭ مصحف شریف فارسی تراجم کے ساتھ ایران سے طبع شدہ قرآن پاک، یہ فارسی ترجمہ آقائی شیخ مہدی کا ہے۔ اس قرآن پاک کے ایک صفحہ پر قرآن کا متن اور دوسرے صفحے پر سامنے ترجمہ دیا گیا ہے۔ یہ قرآن پاک ۱۳۹۵ھ میں شائع ہوا۔

٭ فارسی اور اردو دونوں زبانوں میں ترجمہ والا نادر اور قدیم قرآن پاک۔ اس قرآن پاک میں ایک فارسی اور دو اردو ترجمے موجود ہیں یہ ترجمہ شاہ رفیع الدین ا ور مولانا عبد القادر صاحب کے ہیں۔ یہ قرآن پاک مطبعۃ مجتبائی دہلی سے ۱۲۸۳ھ میں شائع ہوا۔

عربی تراجم والے قرآن پاک

٭ قرآن پاک کا نادر اور قدیم نسخہ جو ترجمہ کے بغیر عربی حاشیہ کے ساتھ ہے۔ اس کی تصحیح حافظ محمد

مکی، مولوی قاری سراج الحق اور مولوی نصیر نے کی ہے، یہ مطبعۃ الصفدری بمبئی سے ۱۹ صفر ۱۳۰۴ھ میں شائع ہوا۔

ھندی ترجمہ والا قرآن

٭ ھندی ترجمہ والا یہ قرآن کریم مولانا خواجہ سید حسن نظامی نے ۱۹۲۹ء میں شائع کروایا۔

مختلف ممالک میں شائع ہونے والے قرآن کریم

٭ قرآن پاک کے کچھ نسخے ایسے بھی ہیں جن کا ضبط اور رسم چینی تحریر سے مشابہ ہے قرآن پاک کا یہ نسخہ پروفیسر حافظ احمد یار صاحب کو ان کے دوست مولانا مفتی محمد حسین نعیمی صاحب نے ۱۹۸۵ء میں چین سے تحفہ لا کر دیا۔

٭ اسی طرح چینی رسم الخط سے مشابہ (کتاب خطب) یعنی خطبوں کی کتاب بھی آپ کی لائبریری میں موجود ہے۔ جو مطبعۃ مومن و شرکاء شنگھائی سے شائع ہوئی اس کتاب کے ناشر الجمعیۃ الاسلامیہ الصینیۃ ہیں ۔ یہ کتاب جون ۱۹۶۶ء میں پنجاب یونیورسٹی آنے والے چینی وفد کے ایک رکن نے آپ کو تحفہ دی۔

سعودی عربی میں چھپنے والے قرآن پاک

٭ مجمع الملک فھد للطباعۃ المصحف الشریف المدینۃ المنورۃ

٭ برصغیر پاک و ہند کے رسم الخط کے مطابق چھپا ہوا قرآن پاک

٭ سعودی عرب اور شام میں رائج رسم و ضبط کے مطابق نسخہ

٭ انگریزی ترجمہ و تفسیر والا قرآن پاک

٭ ڈاکٹر محمد تقی الدین الھلالی اور ڈاکٹر محسن خان کے انگریزی ترجمہ والا قرآن پاک

٭ قرآن پاک کا خوبصورت نسخہ جس کا ترجمہ شیخ الھند مولانا محمود الحسن کا ہے اور تفسیر مولانا شبیر احمد عثمانی کی ہے۔

مشرق وسطیٰ میں رائج رسم و ضبط کے مطابق شائع شدہ قرآن پاک

٭ طبع والنقل والا قتباس دارالشامیۃ بدمشق۔ اس قرآن پاک کے ہر صفحہ کے آخر میں حاشیہ

پر اگلے صفحے کا پہلا لفظ لکھا گیا ہے تاکہ دورانِ قراء ۃ کوئی صفحہ پڑھنے سے رہ نہ جائے۔

٭ شام، مصر، سعودی عرب اور اُردن کے ادارۃ الأفتاء والبحوث کے تمام علماء کرام کے اتفاقِ رائے اور اجازت سے شام میں ۱۹۷۷ء میں شائع ہونے والے قرآن پاک جس کے حاشیہ میں تفسیر ہے اور پورے قرآن پاک میں اسم الجلالۃ سرخ روشنائی سے شائع کیا گیا ہے۔

٭ رسم عثمانی میں شائع قرآن کریم جس کی کتابت مکی بن أبی طالب القیسی (۳۵۵۔ ۴۳۷ھ) نے کی ہے۔

٭ العمدۃ فی غریب القرآن الکریم بالرسم عثمانی

٭ المصحف المعلم بتجوید الحروف و معرفۃ الوقوف

اس قرآن کریم میں مختلف رنگوں کے ذریعے وقف اور تجوید کی تطبیق کی علامات کو نمایاں کیا گیا ہے۔
دیگر قراء ات میں مختلف ممالک میں چھپے ہوئے قرآن مجید

٭ قراء ۃ ورش عن نافع سے مزین یہ قرآن مجید دارالکتاب اللبنانی۔ بیروت لبنان سے شائع ہوا۔

٭ القرآن الکریم علی روایۃ الامام قالون۔ یہ قرآن کریم رمضان ۱۳۹۷ھ میں تونس سے شائع ہوا۔

٭ مصحف شریف بروایۃ الامام ورش۔ یہ قرآں کریم الأمارات العربیہ المتحد ۃ ابو ظہبی سے ۱۳۸۹ھ میں شائع ہوا۔

٭ القرآن الکریم بروایۃ قالون عن نافع۔ یہ قرآن مجید ۱۴۰۳ھ میں تیونس سے شائع ہوا۔

٭ القرآن الکریم بروایۃ الامام قالون۔ یہ قرآن پاک رسمِ عثمانی میں ہے جسے حافظ ابو عمر و الدانی نے اختیار کیا۔ یہ قرآن پاک ۱۳۹۵ھ میں طرابلس لیبیا سے شائع ہوا۔

٭ القرآن الکریم بروایۃ الامام ورش۔ یہ قرآن مجید ۱۳۶۵ھ میں تیونس سے شائع ہوا۔

٭ القرآن الکریم بروایۃ الامام ورش۔ یہ مراکش سے شائع ہوا۔

٭ شمالی افریقہ کے رسم الخط پر چھپا ہوا قرآن کریم جو انداز ڈیڑھ سو سال پرانا ہے۔

٭ گھانا سے طبع شدہ قرآن پاک۔ یہ قرآن پاک مکتبہ غینیا (گھانا) افریقہ سے شائع ہوا۔

٭ القرآن الکریم ۔ یہ قرآن پاک ۱۳۹۵ھ میں مطبعۃ الاتحاد برلن جرمنی سے شائع ہوا پہلی مرتبہ یہ قرآن کریم استنبول میں ۱۳۴۷ھ میں چھپا تھا۔ کاتب کا نام بدیع الزمان سعید نورسی ہے۔

٭ القرآن الکریم۔ برسم عثمانی المعروف مصحف مصطفی الحلبی۔ یہ قرآن مجید جامعۃ الأزھر مصر سے ۱۹۶۵ء میں شائع ہوا۔

٭ القرآن الکریم۔ اس قرآن پاک کی کتابت مولانا محمد غوث پشاوری (المتوفی ۱۲۱۲ھ )نے کی ہے۔ آپ نے قرآن پاک کی کتابت کے ساتھ ساتھ دوسرے قلم سے علمی اقوال اور تفسیری جملے مختلف تفاسیر سے نقل کر دئیے ہیں۔ اقوال کے آخر میں تفسیر کا نام بھی درج کر دیا گیا ہے۔

٭ القرآن المجید۔ مصحف سیدنا عثمانؓ، اس قرآنالکریم کی فوٹو کاپی سمر قند میں موجود نسخہ قرآنی کی ہے۔ اس کی تدوین ڈاکٹر محمد حمید اللہ صاحب نے ۱۹۸۱ء میں کی اور یہ قرآن پاک (فوٹو کاپی) المرکز الثقافتی الاسلامی فلا ڈیلفیا امریکہ سے تقسیم کیا گیا۔

٭ قرآن پاک کا منفرد نسخہ جس کی ہر سطر الف سے شروع ہوتی ہے اور تمام ۱۱۴ سورتوں کی بسم اللہ الرحمن کی خطاطی مختلف ہے۔ مصحف کے شروع میں ایام نبوی سے ۴۰۔۴۱ھ تک کے مصاحف کے کچھ نمونوں کی تصاویر بھی دی گئی ہیں۔

٭ عکسی تجویدی قرآن مجید۔ اس قرآن پاک میں موجود جو علامات ضبط استعمال ہوئی ہیں وہ مولوی ظفر اقبال سیالکوٹی نے وضع کی ہیں۔ پاکستان میں صحیح تجوید پرتوجہ دینے کے لئے یہ ایک منفرد اور بے مثال کاوش ہے۔ اللہ تعالیٰ اس کوشش کو قبول فرمائے۔ آمین۔

ذخیرہ مصاحف احمد یارؒ سے چند نوادر کا عکس
چین سے شائع ہوا
 
سوڈان سے شائع ہوا

امام جعفر صادقؒ کے ہاتھ کا لکھا ہو ا صحیفہ کا عکس

نائیجیریا سے شائع شدہ مصحف کا عکس

سلطان عبد الحمید کے زمانے ۱۳۲۲ھ میں ترکی سے شائع ہوا

مغرب سے شائع ہوا

امریکہ سے شائع ہوا

روایت الامام قالون کے مطابق نسخہ قرآن تیونس سے شائع ہوا

امام نافع سے امام ورش کے روایت کے مطابق نسخہ قرآن تیونس سے شائع ہوا

امیر قطر کے حسب حکم شائع شدہ قرآنی نسخے کا عکس