دیباچہ

ْْْْْْْْْْْْْْاپنے اسلاف اور خصوصا اہل علم اسلاف کو یاد رکھنا، بعد میں آنے والوں کے لیے ضروری ہوتا ہے اور رہنمائی کاذریعہ بھی۔ ان کے کارناموں کو بیان کرنا اور خراج تحسین پیش کرنابھی ایک علمی و دینی فریضہ کی حیثیت رکھتا ہے۔ ارمغان علمی کمیٹی نے شعبہ علوم اسلامیہ کا سنگ بنیاد رکھنے والی ہستی علامہ علاو الدین صدیقی ؒاور ان کے مابعد نامور اور فاضل اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے فیصلہ کیا کہ ان فاضل اساتذہ نے علومِ اسلامیہ کے جن جن شعبوں میں تدریسی و تحقیقی کارنامے انجام دئیے، ان شعبوں سے متعلق، نئے تحقیقی اور علمی مقالات کو ایک کتاب کی صورت میں مرتب و مدون کیا جائے اور یہ کتاب ایک تحقیقی شہ پارہ ہو اور ایک فا ضل استاد کے نام سے معنون و منسوب ہونے کی بنا پر، ان کے نام کو آئندہ آنے والوں میں زندہ رکھنے کا ذریعہ بھی بنے۔ اس سلسلے میں اب تک استاذ مکرم جناب علامہ علاوالدین صدیقی ؒ اور پروفیسر اسلم صاحبؒ پر ارمغان شائع ہو چکے ہیں۔ جن کے موضوعات بالترتیب تقابل ادیان میں برصغیر کے علماء کی خدمات اور علوم الحدیث میں علماء برصغیر کی خدمات، یہ دونوں اشاعتیں اہل علم و دانش سے داد تحسین و صول کر چکی ہیں۔فالحمد للہ و لہ العزۃ ولرسولہ۔

ْْْْْْْْْْْْْْارمغان کی تیسری اشاعت کے لیے شعبہ کے مرحوم استاد گرامی حافظ احمد یار کا نام منتخب ہوا۔ حافظ صاحب مرحوم اپنی تدریس اور تحقیق دونوں میں علوم القرآن سے گہری دلچسپی اور عمیق مطالعہ رکھتے تھے، اس ضمن میں ان کے گرانقدر مقالات کا مجموعہ دو اجزاء میں قرآن و سنت۔ چند مباحث کے عنوان سے شیخ زاید اسلامک سنٹر سے ۲۰۰۰ء میں شائع ہو چکا ہے۔ لہذا کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ حافظ احمد یار صاحب سے منسوب ارمغان کو علوم القرآن کے لیے مختص کر دیا جائے۔

ْْْْْْْْْْْْْْ حسب سابق پروفیسر امریطس پروفیسر ڈاکٹر جمیلہ شوکت صاحبہ نے اس کی ترتیب و تدوین میں ذاتی دلچسپی لی۔ اہل علم و قلم سے مقالات جمع کئے اور انھیںحسین ترتیب کے ساتھ مرتب کیا۔ کمیٹی میں اس مرتبہ رکن کی حیثیت سے پروفیسر ڈاکٹر زاہد منیر عامر (شعبہ اردو ، پنجاب یونیورسٹی) بھی شریک رہے جن کی فکر انگیز تجاویز سے کمیٹی مستفید ہوئی جس کے آثار آپ کو ارمغان میں نظر آئیں گے۔ علاوہ ازیںکمیٹی کی جانب سے میں ڈاکٹرمحمد اقبال بھٹہ کا بیحد شکر گزار ہوں کہ جنہوں نے ارمغان کے سرورق کی تیاری میں بڑی کاوش فرمائی، ارمغان کا جوشمارہ آپ کے ہاتھ میںہے، اس کا سرورق ان کی فنی مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ حافظ ڈاکٹر عثمان احمد بھی مسلسل رفیقِ سفرِ طباعت رہے، اللہ تعالیٰ انھیں جزائے جزیل عطاء فرمائے۔ آمین۔

پروفیسر ڈاکٹر محمد سعد صدیقی

صدرِ شعبہ علومِ اسلامیہ